Security Arrangement's for EID MILAD UN NABI

ضلع رحیم یارخان میں عید میلادالنبیﷺ کے پر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ ۔ ضابطہ کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ پولیس اور میلاد کمیٹیوں کے درمیان تعاون مثالی رکھا جائے گا ۔ امن امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام اکائیاں متفق ۔ تفصیل کے مطابق ضلع بھر میں عید میلادالنبیﷺ کے سلسلہ میں محافل نعت ، کانفرنسسز اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں جن کو موئثر رکھنے کے لئے گزشتہ روز ڈی پی او ذیشان اصغر کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر سے ممبران ضلعی امن کمیٹی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈی پی او ذیشان اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خالق کائنات کے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیﷺ کی ماہ ربیع الاول میں ولادت باسعادت کو بچپن سے تاحال پورے اہتمام اور جوش جذبے سے مناتے چلے آ رہے ہیں اور کچھ عرصہ پہلے تک بلا خوف خطر یہ سلسلہ جاری رہا لیکن پھر دہشت گردی کی عفریت کی باعث تمام مذہبی سوگ و خوشی کے تہوار سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر اختیار کئے بغیر منانا خطرناک ہو گیا جس کے پیش نظر دیگر مواقع کی طرح ان اہم ترین ایام میں بھی احتیاط کے بغیر امن دشمنوں کے لئے آسان ٹارگٹ بننے کے مترادف ہے اس لئے پولیس کی جانب سے بھر پور سکیورٹی انتظامات میں تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع رو پذیر نہ ہونے پائے جن کو موئثر بنانے میں میلاد کمیٹیوں اور پر امن عوام کا تعاون بھی سو فیصد درکار ہوتا ہے جو کہ الحمداللہ حاصل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کی تمام اکائیاں ملک و قوم اور امن کے بد خواہوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہیں جس کے لئے آج ہم یہاں اکٹھے ہیں ۔ جس پر جمعیت علماء پاکستان کے ریاض احمد نوری نے کہا کہ ملک میں امن امان کی صورت حال بہت بہتر ہوئی ہے لیکن پھر بھی وہ محتاط ہیں پولیس کی جانب سے سکیورٹی انتظامات بھی قابل ستائش ہیں جس کے باعث تاحال کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ مولانا فضل محمود حیدری نے کہا کہ عوام الناس کی سہولت ، حفاظت اور امن امان کی مثالی صورت حال ان کا حاصل اور منشا ہے جس کے لئے ان کے والد مرحوم مولانا عبدالکریم حیدری نے بھی علم بلند رکھا اور وہ بھی ان کے نقش پاء اور آئین اور قانون کے پابند ہیں اور ان کا تمام تر تعاون اور کوششیں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ہیں ۔ مولانا نور احمد سیال نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے معاملات کو بہترین حکمت عملی کے ساتھ کنٹرول کر رکھا جس سے امن امان کے لئے اندرونی و بیرونی خطرات بھی کم ہو رہے ہیں ۔ اظہر جمیل نقشبندی نے کہا کہ میلاد مصطفیﷺ منانے کے لئے ہر شخص کوشاں ہے چار دیواری ، مسجد اور گھروں میں محافل پر اجازت کی پابندی میں نرمی کی درخواست ہے ۔ مفتی عبدالقادر سعیدی نے کہا کہ تحصیل لیاقت پور میں کچھ مسائل تھے جو کہ ڈی ایس پی مامون الرشید و دیگر ذمہ داروں کی کوششوں سے ربیع الاول کے آغاز سے قبل ہی احسن انداز میں حل کر لئے گئے انشااللہ یہ متبرک ایام پوری عقیدت واحترام اور باہمی تعاون سے امن امان کی مثالی صورت حال میں مکمل ہو جائیں گے ۔ سردار احمد خان لنڈ نے کہا کہ خوش قسمتی ہے اس وقت ڈی پی او ذیشان اصغر کی قیادت میں اہل رحیم یار خان کو بہترین پولیس ٹیم کی خدمات حاصل ہیں ضلع میں پولیس نے اور ملک بھر میں آفواج پاکستان نے عوام کو اپنی جانوں پر کھیل کر امن کا تحفہ و احساس تحفظ دیا ہے آئندہ اس میں بہتری آئے گی ہم سب اس سلسلہ میں ایک ہیں ۔ قاری ثناء اللہ قصوری نے کہا کہ ضلع میں امن امان اور بھائی چارے کی مثالی فضا قائم ہے جس میں تمام مکاتب فکر کو عزت احترام اور ان کے عقیدے کے مطابق تحفظ اور آزادی کے ساتھ اپنے ایام منانے دئیے جا رہے ہیں جس میں پولیس اور انتظامیہ اور تمام مکاتب فکر کا باہمی تعاون کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ مولانا نعمان لدھیانوی نے نبی اکرم محبوب کبریا خاتم الانبیاﷺ کے شان میں اشعار پڑھے اور اپنے بھر تعاون کا یقین دلایا ۔ قاضی خلیل الرحمن نے کہا کہ امن کی جو راہ آفواج پاکستان ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے ہم نے پائی ہے اسے برقرار رکھنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔ سینئر نائب صدر انجمن تاجران عابد حسین باجوہ نے کہا کہ آج ہم جس پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں اس کا تمام تر سہرا آفواج پاکستان ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادروں کے شہداء کے لہو سے روش ہونے والے امن کے چراغوں کی روشنی کے مرہون منت ہے کیا ہی اچھا ہو کہ ہم ان ایام میں ضلع بھر میں شہداء کے مدفن اور گھروں میں جا کر ان کے ورثاء سے ملا کریں اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے مل کر ان کی عزت و حرمت کا احساس دلائیں ۔ مولانا محمد عمر اویسی نے کہا کہ ڈی پی او ذیشان اصغر اور ان کی ٹیم کو وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کچے اور پکے میں ظالموں ، ڈاکوؤں اور لٹیروں کا خاتمہ کر کے اہل رحیم یار خان کو سکھ اور چین کے دن رات فراہم کئے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ضلعی اور ملکی امن روز افزوں رہے گا اور دشمن منہ کی کھا کر ہمیشہ کے لئے نیست نمود ہو جائے گا ۔ اہل تشیع رہنماء رانا محمد حسین نے کہا کہ تمام ممبران اور پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ پر سر انجام دے رہے ہیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے جس کے لئے ہمیں دیگر مواقع کی طرح میلاد محبوب کائناتﷺ کے موقع پر بھی چوکسی کے ساتھ رہنا ہو گا اللہ ہم سب کا حامی و ناصر رہے گا ۔ احمد ستار لاڑ نے کہا کہ نے کہا کہ امن امان کے سلسلہ میں کوئی دو رائے نہیں ہیں ضابطہ و قانون کی پاسداری اور بالا دستی میں ہم سب کی بھلائی اور بہتری ہے جس کی ہم سب بھی پابندی کرتے ہیں اور دوسروں کو اس کی ترغیب دیتے ہیں جو ہمارے ذمہ کام ہے اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہو گی اور ملک و قوم کے لئے اپنے دن رات ایک کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ آخر میں ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ قانون کے نفاذ میں کوئی رو رعایت بھرتنے کی گنجائش نہ ہے کوشش ہے کہ ضلع اور ملک میں امن مان برقرار رہے جس کے پولیس ، پاک آفوج اور دیگر سکیورٹی فورسسز اپنے اپنے حصے کا کام بخوبی سر انجام دے رہی ہیں ۔ قبل ازیں میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت سب انسپکٹر و لائن آفیسر حافظ شفیق الرحمن نے حاصل کی جبکہ آخر میں ریاض احمد نوری نے امن امان ، سلامتی اور کوششوں کی کامیابی کے لئے دعا کرائی ۔ مقررین کے علاوہ میٹنگ میں ایس ڈی پی اوز اے ایس پی خانپور فاروق احمد بجارانی ، ڈی ایس پیز خالد مسعود بھٹی ، مسعود احمد گجر اور انچارج سکیورٹی برانچ حسن اقبال کے علاوہ ممبران ضلعی امن کمیٹی بابر زمان ، سید مجید زیدی ایڈووکیٹ ، حافظ ارشد وارثی ، جاوید حسین شاہ ، غلام مرتضی ، ریاض احمد نقوی ، بشیر امانت علی ، سید آصف نقوی ، مولانا مشتاق احمد ، قاری سعید احمد ایڈووکیٹ اور سید نیاز حسین شاہ نے شرکت کی اور اپنے بھر پور کردار کو نبھانے کا اعادہ کیا ۔

Tuesday, December 6, 2016